کوئٹہ کی پشتو اکیڈمی میں آرٹ میلہ، طالبات نے پشتون ثقافت کے رنگ کینوس پر بکھیر دیے
پشتون ثقافت، روایات اور انسانی جذبات کو فن مصوری کے ذریعے اجاگر کرنے کے لیے کوئٹہ کی پشتو اکیڈمی میں آرٹ میلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف جامعات کی طالبات نے اپنے فن پارے پیش کیے۔
نمائش میں نوجوان فنکاروں نے رنگوں کے امتزاج سے انسانی احساسات، معاشرتی رویوں اور ثقافتی پہلوؤں کو کینوس پر نمایاں کیا۔ مختلف فن پاروں میں پشتون معاشرے کی روایات اور روزمرہ زندگی کے مختلف رنگوں کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا۔
نمائش میں شریک فنکاروں کا کہنا تھا کہ مصوری محض رنگوں کے استعمال کا نام نہیں بلکہ یہ خیالات، جذبات اور احساسات کے اظہار کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ ان کے مطابق ایسے پلیٹ فارمز نوجوانوں، خصوصاً خواتین فنکاروں کو اپنی تخلیقی صلاحیتیں سامنے لانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
پشتو اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری نقیب اللہ احساس نے کہا کہ اکیڈمی پشتو زبان کے فروغ کے لیے ادب، ثقافت اور مختلف تخلیقی سرگرمیوں کے ذریعے کام کررہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آرٹ میلے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو اپنی ثقافت سے جوڑنا اور انہیں فن کے ذریعے اپنے خیالات اور احساسات کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔