تازہ ترین

پاکستان کی خلائی صلاحیتیں بڑھ رہی ہیں، بھارتی فوجی سربراہ کا اعتراف

0

 بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے اعتراف کیا ہے کہ چین کے تعاون سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں بہتری آ رہی ہے اور پاکستان کا خلائی ادارہ سپارکو بھی اپنی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے، جبکہ ترکیہ کی جانب سے بھی پاکستان کو معاونت ملنے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے نئی دہلی میں مستقبل کی جنگوں اور بھارت کی کثیرالجہتی دفاعی تیاریوں سے متعلق ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں چینی مدد سے اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ سپارکو اپنی مقامی صلاحیتیں بھی ترقی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بھی پیش نظر رکھنا ہوگا کہ ترکیہ کی جانب سے پاکستان کو مدد مل سکتی ہے۔

جنرل سبرامنیم کے مطابق چین کو انٹیلیجنس، نگرانی اور جاسوسی (آئی ایس آر) کے علاوہ پوزیشننگ، نیویگیشن اور ٹائمنگ کے شعبوں میں جو صلاحیتیں حاصل ہیں، پاکستان بھی ان سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنی دفاعی منصوبہ بندی میں ان امکانات کو شامل کرنا ہوگا اور اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔

بھارتی فوجی سربراہ نے کہا کہ بھارت کے خلائی بنیادوں پر نگرانی کے منصوبے کے تیسرے مرحلے (ایس بی ایس تھری) سے ملک کی دفاعی اور نگرانی کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ بھارت مزید سیٹلائٹس تیار کرنے اور انہیں خلا میں بھیجنے کے طریقوں پر بھی کام کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے نجی شعبے کے کاروباری اداروں اور ماہرین سے بھی تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.