تازہ ترین

امریکا سے پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، ایرانی سفیر

0

اسلام آباد: ایران نے امریکا کے ساتھ پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کے تبادلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی امن کے قیام کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ امریکا کے ساتھ پاکستان اور قطر کے توسط سے پیغامات کا باقاعدہ تبادلہ جاری ہے۔ ان کے مطابق ایران ان دوست ممالک اور ان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ علاقائی امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے مختلف تجاویز اور خیالات پر مشاورت کررہا ہے۔

ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ ان کا ملک بات چیت اور مذاکرات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، تاہم اگر ایران کے خلاف کسی قسم کی جارحیت یا حملہ کیا گیا تو وہ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے بھرپور جواب دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی تصدیق کرچکے ہیں کہ پاکستان اور قطر کے ذریعے کشیدگی میں کمی کے لیے اہم تجاویز موصول ہوئی ہیں، جن کا ایرانی حکام بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

خطے کی مجموعی صورتحال اور یمن میں جاری تنازع پر گفتگو کرتے ہوئے رضا امیری مقدم نے چین اور روس کی سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی ہر مثبت کوشش قابلِ حمایت ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ اگر چین یا کوئی دوسرا ملک حوثیوں کو یمن کا ایک حقیقی فریق تسلیم کرتا ہے تو تہران اس ملک میں تنازع ختم کرنے اور امن کے قیام کے لیے اس کی مثبت کوششوں کا خیرمقدم کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.