سی پیک منصوبوں پر جلد پیش رفت کے لیے احسن اقبال کی چینی حکام سے ملاقات
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے چین سے پاکستانی مصنوعات کو چینی منڈی میں ڈیوٹی فری رسائی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقصد کے لیے موجودہ دوطرفہ آزاد تجارتی معاہدے سے الگ ایک خصوصی انتظام کیا جائے۔
چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن (این ڈی آر سی) کے نائب چیئرمین ژو ہائی بنگ سے ملاقات کے دوران احسن اقبال نے انفراسٹرکچر، توانائی، صنعت اور تجارتی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اہم منصوبوں پر جلد پیش رفت کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے تجارتی عدم توازن کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2025-26 میں پاکستان کی چین سے درآمدات 22.34 ارب ڈالر رہیں، جبکہ چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 2.71 ارب ڈالر تھا۔ انہوں نے چین کی جانب سے افریقی ممالک کو دی جانے والی زیرو ٹیرف سہولت کی طرز پر پاکستان کی تمام مصنوعات کو بھی ڈیوٹی فری رسائی دینے کی تجویز پیش کی۔
احسن اقبال نے قراقرم ہائی وے کے 102 کلومیٹر طویل تھور نالہ تا رائے کوٹ سیکشن کے لیے مالی معاونت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا۔ یہ 576 ارب روپے کے تھاکوٹ تا رائے کوٹ روٹ کی ازسرنو ترتیب کے منصوبے کا پہلا ترجیحی حصہ ہے، جس کا مقصد دریائے سندھ پر پن بجلی منصوبوں کے باعث متاثر ہونے والے شاہراہ کے حصوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ہے۔
ملاقات میں چار مشترکہ سڑک منصوبوں کی فزیبلٹی اسٹڈیز، بشمول بابوسر ٹنل منصوبے، پر پیش رفت اور کراچی تا روہڑی سیکشن سے آگے ایم ایل ون ریلوے کی اپ گریڈیشن میں چین کی شمولیت پر بھی گفتگو کی گئی۔