کوئٹہ: بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کارروائیوں پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران مختلف آپریشنز میں 71 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعلیٰ نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان، نوشکی اور مند میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن شعبان کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں کلیئر کیا گیا، جبکہ کارروائی میں اب تک 33 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید 23 دہشت گردوں کی ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔
سرفراز بگٹی کے مطابق ضلع نوشکی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ مند میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو درپیش خطرات میں کمی آئی ہے۔ دہشت گرد عناصر اپنے عزائم کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پیدا نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے خلاف قومی عزم غیر متزلزل ہے اور سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور کاوشوں سے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کی کوششیں جاری رہیں گی۔