تازہ ترین

ایرانی حقوق تسلیم ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی، آرمی چیف

0

ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک ایرانی عوام کے حقوق کا احترام نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا ہے کہ مخالف فریق نے ایران کی عسکری صلاحیتوں کا غلط اندازہ لگایا اور اسے کمزور سمجھنے کی غلطی کی۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق امیر حاتمی نے جمعرات کو تہران کی امام علی ملٹری یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالف فریق کی غلط حکمت عملی اور ایران کی طاقت کے بارے میں غلط اندازے جنگ شروع ہونے کی بنیادی وجوہات میں شامل تھے۔

ایرانی آرمی چیف کے مطابق مخالف فریق کا خیال تھا کہ ایران کمزور پوزیشن میں ہے، تاہم اس نے ایرانی مسلح افواج کی صلاحیتوں کو نظرانداز کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب نے جنگ کے ابتدائی گھنٹوں ہی سے بھرپور جواب دیا اور مخالف فریق کے خلاف سیکڑوں حملے کیے۔

امیر حاتمی کا یہ بیان آبنائے ہرمز کی اہمیت کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جو عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کے اہم سمندری راستوں میں شامل ہے۔ اس آبی گزرگاہ کی بندش یا وہاں بحری آمدورفت میں رکاوٹ عالمی توانائی کی فراہمی اور خطے کی تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.