انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم سہ ملکی سیریز کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی
پاکستان میں سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے آغاز سے قبل انگلینڈ کی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مہمان کھلاڑیوں کا استقبال کیا، جس کے بعد ٹیم اپنے مقامی ہوٹل روانہ ہوگئی۔
شیڈول کے مطابق انگلش ٹیم ہفتے کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی تاکہ سیریز کے مقابلوں کی تیاری مکمل کی جا سکے۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا۔ افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اہم مقابلہ 20 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے میچز راولپنڈی اور لاہور میں منعقد ہوں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔