بلوچستان کے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کریں گے، مینا مجید بلوچ
بلوچستان میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے صادق شہید فٹبال اسٹیڈیم کی بحالی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس کے ہمراہ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں موجود مسائل اور ضروری سہولیات کا معائنہ کیا۔
دورے کے موقع پر گراؤنڈ انچارج نے اسٹیڈیم کی موجودہ صورتحال، درپیش مشکلات اور درکار سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس دوران اسٹیڈیم کی بحالی اور کھیلوں کی سہولیات میں بہتری کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
مینا مجید بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت اسٹیڈیم کی مکمل بحالی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے ایک جامع عملی منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح بلوچستان کے نوجوانوں کو کھیلوں کے لیے بہتر اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع حاصل کر سکیں۔