6 ستمبر قومی عزم، اتحاد اور دفاعِ وطن کی علامت ہے، میر محمد صادق عمرانی
کوئٹہ: بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے جو قوم کے عزم، اتحاد اور دفاعِ وطن کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے ملکی سلامتی، ترقی اور امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو بھارت کی جانب سے رات کے وقت پاکستان پر حملہ کیا گیا، تاہم افواجِ پاکستان کے جوانوں نے جرأت، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا اور اسے پسپائی پر مجبور کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی مؤثر جوابی کارروائی نے دنیا بالخصوص بھارت پر واضح کر دیا کہ پاکستان ایک ایسی پیشہ ور فوج رکھتا ہے جو وطن کے دفاع اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ یومِ دفاع منانے کا مقصد صرف ماضی کی جنگی قربانیوں کو یاد کرنا نہیں بلکہ بحیثیت قوم پاکستان کی تعمیر و ترقی، ملکی سلامتی اور قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کے عزم کی تجدید بھی ہے۔
انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر عوام، سیاسی جماعتوں اور دیگر طبقات پر زور دیا کہ وہ اپنے سیاسی و دیگر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کے لیے متحد ہوں۔
میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، اس لیے پوری قوم کو افواجِ پاکستان اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔