میانوالی: پاکستان کے توانائی شعبے میں جوہری بجلی کی پیداوار بڑھانے کے منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ (C-5) کے ڈوم کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس پیش رفت کو پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تعاون کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے عوام کو سستی، قابل اعتماد اور ماحول دوست بجلی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی میں چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ کے ڈوم کی تنصیب کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق انہوں نے ڈوم کی تنصیب کو پاک چین دوستی اور مشترکہ عزم کا اہم سنگ میل قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ فائیو پاکستان کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے، جس کی تعمیر چین کے تعاون سے جاری ہے۔ وہ جولائی 2023 میں اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی شریک ہوئے تھے اور اس وقت اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان اپنی محنت اور مسلسل کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ساڑھے تین سال سے بھی کم عرصے میں مقررہ وقت سے پہلے ڈوم کی تنصیب اس عزم کی عملی مثال ہے۔ اس اہم مرحلے کی تکمیل میں پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں نے مشترکہ طور پر محنت اور لگن سے کام کیا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے فعال ہوجائے گا، جس کے بعد عوام کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جوہری توانائی سے بجلی کی پیداوار کے ذریعے درآمدی ایندھن کی قیمتوں پر انحصار کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کا ایسا نظام ضروری ہے جو سورج کی روشنی یا ہوا کی دستیابی سے مشروط نہ ہو بلکہ رات کے وقت بھی صنعتوں کو بجلی فراہم کرے، ہسپتالوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائے اور طلبہ کو تعلیم کے لیے روشنی مہیا کرے۔ ان کے مطابق یہی پاکستان کی توانائی سلامتی کا حقیقی تصور ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ملک ہونے کے ناطے پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ توانائی کے ایسے ذرائع اختیار کرے جو معاشی ترقی کے ساتھ ماحول کے تحفظ میں بھی معاون ہوں۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے مقامی وسائل اور انسانی سرمائے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
شہباز شریف نے ملکی ترقی کے لیے امن اور استحکام کو بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے ملک میں استحکام یقینی بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے معرکہ حق کا حوالہ دیتے ہوئے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو بھی سراہا۔
وزیراعظم کے مطابق سازگار ماحول پاکستان کو معاشی اہداف حاصل کرنے، سرمایہ کاری راغب کرنے اور ترقی کی رفتار تیز کرنے میں مدد دے رہا ہے۔ انہوں نے معاشی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے فیلڈ مارشل کے کردار پر بھی شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے چشمہ فائیو منصوبے کی پیش رفت پر چین کے صدر شی جن پنگ، چینی حکومت اور چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی انجینئرز نے شدید گرمی اور سردی کے باوجود پاکستانی ماہرین کے ساتھ ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا۔
وزیراعظم نے پاک چین دوستی کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرپا تعلقات کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ چشمہ فائیو کا ڈوم اس دوستی کی نمایاں نشانی کے طور پر موجود رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ چشمہ فائیو کی تعمیر سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہونے کی عملی پیش رفت ہے، جس سے دونوں ممالک کی شراکت داری مزید مضبوط ہوگی، اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے اور عوام کے روشن مستقبل کی راہ ہموار ہوگی۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی، چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن، پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی، انجینئرز اور دیگر متعلقہ افراد کو اس اہم سنگ میل پر مبارک باد دی۔