اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 10 سے 14 نومبر کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کردی ہے۔ موسمی نظام کے زیر اثر بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جبکہ بارشوں کے بعد دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ 10 نومبر کی شام ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 12 نومبر کو شدت اختیار کرسکتا ہے۔ یہ سلسلہ بالائی علاقوں میں 14 نومبر کی صبح تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا میں 10 نومبر کی شام اور رات سے 14 نومبر کی صبح تک دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں 10 نومبر کی رات اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، میانوالی، خوشاب، بھکر، سرگودھا، مری اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 12 اور 13 نومبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں وقفے وقفے سے مزید بارش متوقع ہے۔
اسی طرح 12 نومبر کو ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
کشمیر میں 10 سے 14 نومبر کی دوپہر تک وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم 11 نومبر کی رات اور 12 نومبر کو ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، کوئٹہ، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات اور خضدار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متوقع موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔ پیشگوئی کے مطابق بلند پہاڑی علاقوں اور گلیشیئرز پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے، جبکہ موسمی سلسلہ گزرنے کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھانے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری کے اس سلسلے کے بعد دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے، جس سے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔