اسلام آباد: دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے سائبر حملوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے پیش نظر پاکستان میں بھی شہریوں اور مالیاتی اداروں کو خبردار کردیا گیا ہے۔ نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے متنبہ کیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کیے جانے والے حملے بینکنگ معلومات، آن لائن اکاؤنٹس اور مالیاتی لین دین کے نظام کے لیے سنگین خطرات پیدا کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں سائبر حملوں کی نئی لہر سامنے آئی ہے، جس کے بعد پاکستان میں بھی متعلقہ سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران بینکنگ، مالیات اور انشورنس کے شعبوں پر 12 لاکھ سے زائد سائبر حملے ریکارڈ کیے گئے، جس نے مالیاتی اداروں کی ڈیجیٹل سیکیورٹی سے متعلق خدشات میں اضافہ کردیا ہے۔
پاکستان کی نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے مطابق ہیکرز اب روایتی طریقوں کے بجائے مصنوعی ذہانت اور خودکار بوٹس کا استعمال کررہے ہیں۔ ان جدید طریقوں سے بینکنگ سسٹمز، موبائل ایپلی کیشنز اور آن لائن ادائیگیوں کے نظام میں موجود سیکیورٹی خامیوں کی نشاندہی کی جاتی ہے۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسے حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی حساس بینکنگ معلومات اور اکاؤنٹس کی تفصیلات چوری ہونے کے ساتھ مالی نقصان کا خطرہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال نے سائبر جرائم کی نوعیت تبدیل کردی ہے اور جدید خودکار نظام حملوں کی رفتار اور پیچیدگی میں اضافہ کررہے ہیں۔ اس صورتحال میں مالیاتی اداروں اور صارفین کے لیے ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مضبوط بنانا مزید اہم ہوگیا ہے۔