اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون اور کثیر الجہتی سفارتکاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن اور خوشحالی کے قیام کا راستہ طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے نکلتا ہے۔
مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی سطح پر تیزی سے بدلتی صورتحال کے پیش نظر ایسے مکالموں کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین پر غیر منصفانہ اور امتیازی انداز میں عمل درآمد اختلافات اور عدم اعتماد کو بڑھا رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ عالمی سلامتی کا نظام اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں نئے مواقع بھی پیدا کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان کشمکش کے باعث تصادم اور غلط اندازوں کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کے امکانات محدود ہوجاتے ہیں، اس لیے موجودہ حالات میں مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے لیے مزید گنجائش پیدا کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور سیاسی اختلافات کے باعث کثیر الجہتی اداروں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی معاملات ایک دوسرے سے گہرے طور پر منسلک ہوچکے ہیں، جبکہ تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ کاری تک رسائی کے حوالے سے مسابقت بھی بڑھ رہی ہے۔
نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ قومی سلامتی اور عوامی خوشحالی کے تحفظ کے لیے اندرونی استحکام اور مؤثر سفارتکاری ناگزیر ہیں، کیونکہ ابھرتے ہوئے عالمی نظام کی آئندہ شکل ابھی تک غیر یقینی ہے۔