تازہ ترین

ریما خان کی فلمی دنیا میں واپسی، نئی فلم ’پنچھی پیارے‘ عیدالفطر 2027 پر ریلیز ہوگی

0

پاکستانی فلمی دنیا کی معروف اداکارہ ریما خان ایک بار پھر بڑی اسکرین پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں۔ تقریباً 16 سال کے وقفے کے بعد ان کی فلمی واپسی کا اعلان فلم ساز وجاہت رؤف کی نئی فلم ’پنچھی پیارے‘ کے ذریعے کیا گیا ہے، جس کی ریلیز عیدالفطر 2027 کے لیے طے کی گئی ہے۔

فلم کی پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ کے ذریعے ریما خان کی واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد لیجنڈری اداکارہ کی بڑی اسکرین پر واپسی کا اعلان کرنا ان کے لیے اعزاز اور خوش قسمتی کی بات ہے، جبکہ ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا بھی باعثِ فخر ہے۔

شازیہ وجاہت نے اپنی پوسٹ میں ریما خان کو فلمی ٹیم میں خوش آمدید کہتے ہوئے فلم کا نام ’پنچھی پیارے‘ بتایا اور اعلان کیا کہ یہ فلم عیدالفطر 2027 پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم کی ہدایات وجاہت رؤف دے رہے ہیں، جبکہ اسے شوکیس فلمز پیش کرے گی۔ تاہم ریما خان کے کردار، فلم کی کہانی اور دیگر اداکاروں کے ناموں سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

ریما خان کا شمار پاکستانی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 1990 کی دہائی میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی واپسی کے اعلان نے ایک بار پھر فلمی شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.