تازہ ترین

تھل جیپ ریلی کا شاندار آغاز، 100 سے زائد ریسرز صحرا میں میدان میں آگئے

0

صحرائے تھل کی سنہری ریت پر گاڑیوں کی گھن گرج اور ثقافتی سرگرمیوں نے لیہ کا ماحول گرما دیا، جہاں 11ویں تھل جیپ ریلی کا شاندار آغاز ہوگیا۔ ملک بھر سے 100 سے زائد جیپ ریسرز 200 کلومیٹر طویل ٹریک پر اپنی ڈرائیونگ مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

ریلی کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کیا۔ اس موقع پر جیپ ریلی کے ساتھ لیہ تھل ثقافتی میلے کی تقریبات بھی جاری رہیں، جہاں مختلف محکموں اور اداروں کی جانب سے خصوصی ثقافتی اسٹالز سجائے گئے ہیں۔

ان اسٹالز پر تھل کی روایات، علاقائی ثقافت، دستکاری، مقامی مصنوعات اور پاکستان کے مختلف علاقوں کے ثقافتی رنگ نمایاں کیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں، سیاحوں اور خاندانوں کی بڑی تعداد میلے میں شرکت کررہی ہے۔

شرکاء ثقافتی اسٹالز میں دلچسپی لینے کے ساتھ مختلف تفریحی سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہورہے ہیں۔ صحرائے تھل میں دوڑتی جیپوں، روایتی کھانوں اور ثقافتی رنگوں نے لیہ کو ان دنوں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.