تازہ ترین

جسٹس جمال مندوخیل کا عدالتی سفر اختتام پذیر، متعدد اہم فیصلوں میں کردار ادا کیا

0

سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال خان مندوخیل آج ریٹائر ہوجائیں گے۔ وہ اس بینچ کا حصہ تھے جس نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔

جسٹس جمال خان مندوخیل ستمبر 2009 میں بلوچستان ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے، جہاں انہوں نے متعدد اہم فیصلے کیے۔ ان میں بلوچستان کی غیر آباد زمینوں کو وہاں صدیوں سے آباد قبائل کی ملکیت قرار دینے کا فیصلہ بھی شامل تھا۔

انہوں نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی ایکٹ کی متعدد شقوں کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ڈی ایچ اے کو غیر سرکاری ایجنسی قرار دیا تھا، تاہم سپریم کورٹ نے بعد میں اس فیصلے کو معطل کردیا تھا۔

انہیں 2021 میں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔ وہ اس بینچ میں بھی شامل تھے جس نے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔

جسٹس مندوخیل سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 روز کے اندر انتخابات کرانے سے متعلق ازخود نوٹس کارروائی پر اعتراض کرنے والے ججوں میں بھی شامل تھے۔ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد انہیں آئینی بینچوں کا رکن نامزد کیا گیا، جبکہ وہ آئینی بینچوں کی تشکیل کرنے والی کمیٹی کا بھی حصہ رہے۔

بطور چیئرمین انرولمنٹ کمیٹی انہوں نے سینکڑوں وکلا کو سپریم کورٹ میں پریکٹس کے لائسنس جاری کیے۔ جوڈیشل کمیشن کے رکن کی حیثیت سے انہوں نے جسٹس سرفراز ڈوگر کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تقرری کی حمایت نہیں کی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.