تازہ ترین

کوئٹہ بیئرز نے چاغی اسکارپیئنز کو 32 رنز سے ہرا کر گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ جیت لی

0

گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ کا فائنل کوئٹہ کینٹ کے چاغی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں کوئٹہ بیئرز نے چاغی اسکارپیئنز کو 32 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی چیمپئن ٹرافی اپنے نام کرلی۔

ایف سی بلوچستان نارتھ کے تعاون سے منعقدہ ایونٹ کے فائنل میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا، جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی مقابلے سے بھرپور لطف اٹھایا۔ فائنل کے مہمان خصوصی کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین تھے۔ آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عاطف مجتبیٰ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔

فائنل میں کوئٹہ بیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 196 رنز بنائے۔ جواب میں چاغی اسکارپیئنز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، یوں کوئٹہ بیئرز نے 32 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

میچ کے اختتام پر تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ کوئٹہ بیئرز کو 15 لاکھ روپے نقد انعام اور ونر ٹرافی دی گئی، جبکہ چاغی اسکارپیئنز نے رنر اپ ٹرافی کے ساتھ 7 لاکھ روپے کا انعام حاصل کیا۔

تقریب میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور مقامی کرکٹ ٹیلنٹ کو آگے لانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر چاغی اسٹیڈیم میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا، جس سے ایونٹ کی رونق میں مزید اضافہ ہوا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.