تازہ ترین

پیٹرولیم لیوی کے خاتمے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان فیصلہ کن مذاکرات آج ہوں گے

0

لاہور: پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے معاملے پر وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا فیصلہ کن مرحلہ آج ہوگا، جس میں دونوں فریق اپنے مؤقف اور تجاویز پر تبادلہ خیال کریں گے۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی میزبانی میں اجلاس وزارت خارجہ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اب پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مہنگا پیٹرول، بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کے ساتھ ٹیکسوں کا بڑھتا ہوا بوجھ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوچکا ہے۔ ان کے مطابق عام شہری پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر فیصلے کرے۔

انہوں نے سرکاری محکموں میں کرپشن کو بھی قومی معیشت کے لیے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے بغیر معاشی مشکلات پر قابو پانا مشکل ہے۔

مذاکرات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی سب کمیٹی کے درمیان پہلے ہی اجلاس ہوچکا ہے، جبکہ تکنیکی کمیٹی بھی اپنی مشاورت مکمل کرچکی ہے۔ اب دونوں فریقوں کے درمیان حتمی مذاکرات میں پیٹرولیم لیوی اور عوامی ریلیف سے متعلق امور پر پیش رفت متوقع ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن اس سے قبل واضح کرچکے ہیں کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر حکومت نے عملی اقدامات نہ کیے تو جماعت اسلامی دوبارہ سڑکوں پر احتجاج کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف ملنے تک پیٹرولیم لیوی کے خلاف مہم جاری رہے گی۔

دوسری جانب اسحاق ڈار نے جماعت اسلامی کے احتجاج کو پُرامن اور جمہوری دائرے میں قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس تحریک کے نتیجے میں عوامی ریلیف سے متعلق متعدد مقاصد حاصل ہوئے ہیں، جبکہ پیٹرولیم لیوی کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔

آج ہونے والے مذاکرات میں اس بات پر توجہ مرکوز رہے گی کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر کیا عملی پیش رفت کرتی ہے اور عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے ریلیف دینے کے لیے کن اقدامات پر اتفاق ہوتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.