تازہ ترین

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق، متعدد منصوبوں پر غور

0

کراچی: پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات تلاش کرنے کے لیے سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد نے پورٹ قاسم اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں بندرگاہ کے ترقیاتی منصوبوں، تجارتی سہولیات اور صنعتی سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود کی قیادت میں آنے والے وفد کو چیئرمین پورٹ قاسم نے بندرگاہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں، تجارتی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبہ بندی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

دورے کے دوران سعودی وفد نے پورٹ قاسم کے انفراسٹرکچر میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور ملٹی پرپز کارگو ٹرمینل کی کارکردگی اور توسیعی امکانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بندرگاہ کی استعداد بڑھانے اور مختلف شعبوں میں نئی سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی سرمایہ کاروں نے درآمدی اور برآمدی آٹو زونز میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے متعدد تجاویز زیر غور آئیں، جن میں پورٹ قاسم پر پیٹرولیم مصنوعات کے لیے نئے اسٹوریج منصوبوں اور پاکستان میں معدنیات کی ریفائنریز قائم کرنے کے اسٹریٹجک منصوبے شامل تھے۔

دورے کے اختتام پر دونوں جانب سے پاکستان اور سعودی عرب کے تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور کاروباری شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ فریقین نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے دورے دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.