ایران نے 47 سال پہلے جنگ شروع کی، امریکا نے نہیں، پیٹ ہیگستھ
واشنگٹن: امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے جنگ شروع نہیں کی بلکہ ایران نے 47 سال قبل اس کا آغاز کیا تھا۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف امریکی اقدامات قانونی ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی عوام کے تحفظ کے لیے درست فیصلہ کیا۔
پینٹاگون میں پریس بریفنگ کے دوران پیٹ ہیگستھ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کی قانونی حیثیت موجود ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس آپریشن کے دوران امریکا کو ویتنام جنگ جیسے نقصانات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
امریکی وزیر جنگ نے ایوان نمائندگان کی جانب سے ان کے مواخذے اور عہدے سے ہٹانے کی کوشش کو تماشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی تاریخ میں کسی فوجی آپریشن کے دوران وزیر جنگ کو معزول نہیں کیا گیا۔
پیٹ ہیگستھ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں عہدے سے ہٹانے کی کوشش دراصل امریکا کے تمام فوجیوں کے خلاف سازش ہے۔