تازہ ترین

علامہ اقبال کے افکار کو قومی پالیسیوں کا حصہ بنایا جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان

0

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یوم اقبال کے موقع پر شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا پیغام عدل، مساوات، خودی اور انسانیت کی خدمت کے بنیادی اصولوں کی رہنمائی کرتا ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے علامہ اقبال کے شعر ’’ہو میرا کام غریبوں کی حمایت کرنا‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعر اقبال کے فکری فلسفے اور سماجی ذمہ داری کے تصور کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ علامہ اقبال نے محروم اور کمزور طبقات کی حمایت کو بامقصد زندگی کا اہم اصول قرار دیا۔ ریاست کی حقیقی ذمہ داری ہے کہ غریب، محروم اور کمزور شہریوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے ساتھ انہیں باعزت زندگی گزارنے کی ضمانت بھی دے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اقبال کا تصور پاکستان ایسے معاشرے کا خواب تھا جہاں عدل، مساوات، اخوت اور انسانی وقار کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔ ان کے افکار ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ قومی ترقی کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم اقبال کا تقاضا ہے کہ شاعر مشرق کے افکار کو محض تقریبات اور تقاریر تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں عملی زندگی اور قومی پالیسیوں کا حصہ بنایا جائے۔

میر سرفراز بگٹی نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ علامہ اقبال کے پیغام خودی، خود اعتمادی، بلند حوصلے اور مسلسل جدوجہد کو اپنا شعار بنائیں۔ ان کے مطابق اقبال کا پیغام خودی، عمل اور انسانیت کی خدمت کا پیغام ہے، جس پر عمل کرکے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.