تازہ ترین

دہشت گردوں نے بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کو کاروبار بنا لیا ہے، یعقوب ناصر

0

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر اور رکن قومی اسمبلی سردار یعقوب ناصر نے ملک میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کو باقاعدہ کاروبار بنا لیا ہے، جبکہ بلوچستان میں شہریوں کے تحفظ کی مکمل ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

ملک کی سیاسی صورتحال، حکومتی امور اور پارٹی قیادت کی دستیابی پر گفتگو کرتے ہوئے سردار یعقوب ناصر نے وزیراعظم شہباز شریف کی مشکلات کا ذکر بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو وہ اتنے مجبور نہیں تھے جتنے اب شہباز شریف ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے انکشاف کیا کہ انہیں بھی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروپس کو ان کے کاروبار سے متعلق اتنی معلومات حاصل ہیں کہ وہ خود بھی ان کے بارے میں اتنا نہیں جانتے۔

سردار یعقوب ناصر نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم کی ان سرگرمیوں کے باعث شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ایک اہم چیلنج بن چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کی مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر راج فوری طور پر ختم ہونا چاہیے کیونکہ یہ جمہوریت کی روح کے منافی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.