تازہ ترین

اقبال کے تصور کو عملی شکل دے کر ترقی یافتہ پاکستان تعمیر کرنا ہوگا، اسحاق ڈار

0

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ، پُرامن اور خوشحال ملک بنانے کے لیے قوم کو علامہ محمد اقبال کے افکار اور فلسفے پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے عدل، مساوات اور قانون کی حکمرانی پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے قومی عزم کی تجدید پر بھی زور دیا ہے۔

یوم اقبال 9 نومبر کے موقع پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے پاکستان کی نظریاتی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا اور قیام پاکستان سے قبل برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں کی امنگوں کو فکری سمت فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری اور 1930 کا تاریخی خطبہ الہ آباد برصغیر کے مسلمانوں کی الگ شناخت اور جداگانہ تشخص کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ بنا۔ اقبال نے ایک ایسے وطن کا تصور پیش کیا جہاں مسلمان اپنی تقدیر کے فیصلے خود کرسکیں اور اپنے عقائد، اقدار اور جمہوری خواہشات کے مطابق زندگی گزار سکیں۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی اور خود انحصاری پاکستان کی قومی ترقی کے لیے آج بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کی تعلیمات اخلاقی دیانت، فکری خودمختاری اور اجتماعی استقامت کا درس دیتی ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اقبال کا پیغام نوجوانوں کو بلند مقاصد کے حصول، جدت طرازی اور بامقصد قیادت کی ترغیب دیتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کے نظریات کو محض خراج عقیدت تک محدود رکھنے کے بجائے قومی ترقی اور عملی اقدامات کا حصہ بنایا جائے۔

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ علامہ اقبال کے وژن اور اصولوں کے مطابق ایسا پاکستان تعمیر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے جہاں امن، خوشحالی، انصاف اور مساوات کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.