وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کی آمدن رواں سال 160 ارب روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کے مسائل حل کرنے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، اس دوران افسران اور عملے کی چھٹیاں بند ہوں گی اور تمام متعلقہ اہلکار فیلڈ میں موجود رہیں گے۔
حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عوام ایکسپریس کی 11 نئی کوچز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور نئی بوگیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ریلوے اسٹیشن کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا، جبکہ مسافروں اور ریلوے افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
عوام ایکسپریس کو نجکاری کے عمل کے تحت اے اے انٹرپرائزز نے حاصل کیا ہے۔ تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کمپنی کو مبارک باد دی اور کہا کہ عوام ایکسپریس پہلے ایسی حالت میں تھی کہ اسے دیکھنے کو دل نہیں کرتا تھا، تاہم اب اسے بہترین انداز میں تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی تزئین و آرائش کے بعد ٹرین نجی شعبے کے تعاون سے سفر شروع کر رہی ہے۔ اسے کامیاب بنائیں گے اور اسے ناکام بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ٹرینوں کو نجی شعبے کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ریلوے کی آمدن 88 ارب روپے سے بڑھ کر 115 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ رواں سال اسے 160 ارب روپے تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حنیف عباسی نے بتایا کہ ریلوے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا نظام باقاعدہ بنایا گیا ہے اور صفائی کے نظام کو بھی بہتر کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ 60 ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کی ریلوے ورکشاپ، جو گزشتہ 15 برس سے بند تھی، بحال کردی گئی ہے۔ اسی طرح 2008 سے بند انجنوں اور پہیوں کی مرمت کرنے والی پانچوں ورکشاپس بھی دوبارہ فعال کردی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ ریلوے کی 40 ٹرینوں میں سے 20 میں مکمل بریکیں موجود نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کے مسائل حل کرنے کے لیے 31 دسمبر تک بھرپور کوششیں کی جائیں گی اور اس مقصد کے لیے افسران و عملے کو مسلسل فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔