تحریک تحفظ آئین پاکستان نے موجودہ حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اس تحریک کی قیادت کرسکتے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد کے مطابق مختلف جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے جلد کثیر الجماعتی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخوندزادہ حسین احمد یوسفزئی نے بتایا کہ گزشتہ دنوں جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر کامران مرتضیٰ اور اتحاد کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اصولی طور پر مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
ان کے مطابق اس سلسلے میں جلد کثیر الجماعتی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس کے بعد حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کے امکانات پر پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مولانا فضل الرحمٰن اس تحریک کی قیادت کرنے والی اہم شخصیات میں شامل ہوں گے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب گزشتہ ہفتے اپوزیشن رہنماؤں اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے وفاقی حکومت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اپنے اتحاد اور پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا۔
مولانا فضل الرحمٰن خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے معاملے پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ انہوں نے مرکز پر صوبائی حکومت کے ساتھ کیے گئے وعدوں سے پیچھے ہٹنے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔ اس سے قبل وہ وفاق اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کی کوششیں بھی کرتے رہے ہیں۔
اکتوبر کے وسط سے مولانا فضل الرحمٰن اور وفاقی وزرا کے درمیان بیانات کا تبادلہ بھی جاری رہا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے 16 اکتوبر کو کسی کا نام لیے بغیر دعویٰ کیا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ خیبرپختونخوا کے نئے انتظامی سیٹ اپ میں عہدہ نہ ملنے اور گورنر شپ سے محروم رہنے پر ناراض ہیں۔
اگلے روز وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی مولانا فضل الرحمٰن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ بعدازاں جے یو آئی سربراہ نے وضاحت کی تھی کہ ان کی تنقید ریاستی اداروں کے بجائے حکومتی پالیسیوں پر تھی۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام نے گزشتہ جمعے سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے تھے۔ جماعت نے اپنے سربراہ کے خلاف منظم کردار کشی کی مہم چلائے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔ مولانا فضل الرحمٰن اس سے قبل مانسہرہ میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھی سڑکوں پر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اپنے ایک الگ بیان میں مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف مبینہ الزامات اور کردار کشی کی مہم پر تشویش کا اظہار کیا۔ اتحاد کے مطابق سیاسی اختلافات جمہوری معاشرے کا حصہ ہیں، تاہم اختلافات کی بنیاد پر کسی کی عزت، کردار اور خاندان کو نشانہ بنانا سیاسی ماحول میں نفرت اور تقسیم کو بڑھاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سیاسی اختلافات کا حل دلیل، منطق اور مکالمے کے ذریعے نکالا جانا چاہیے، نہ کہ ذاتی حملوں اور کردار کشی کے ذریعے۔ اتحاد نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے معاملے پر مولانا فضل الرحمٰن کے مؤقف کی بھی حمایت کی۔
اپوزیشن اتحاد نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبائی خودمختاری، عوامی مینڈیٹ اور پارلیمانی جمہوریت کے تناظر میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے اقدامات اہم آئینی سوالات کو جنم دیتے ہیں۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اعلان کیا کہ وہ ان اقدامات کی سیاسی، پارلیمانی، آئینی اور قانونی فورمز پر مخالفت جاری رکھے گی۔
اتحاد نے پشاور ہائیکورٹ میں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر مقدمات کی سماعت معطل ہونے پر بھی تشویش ظاہر کی۔ بیان میں کہا گیا کہ عدالت سے رجوع کرنے والے شہریوں اور سیاسی کارکنوں کے لیے انصاف کے دروازے بند ہونا تشویش ناک ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں ہونے والے طبی معائنے کی مکمل رپورٹس فوری طور پر منظر عام پر لانے کا مطالبہ بھی کیا۔ اتحاد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی شفٹ انٹرنیشنل اسپتال منتقلی اور ان کے ذاتی معالجین کی موجودگی میں علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل اور فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔