بیجنگ: پاکستانی ماہر امور خارجہ محمد مہدی اور بلوچستان کے بیوروکریٹس پر مشتمل وفد نے چینی حکومت کی دعوت پر چین کا دورہ کیا، جہاں مختلف اعلیٰ حکام اور اہم سرکاری و کاروباری اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی گئیں۔ ان ملاقاتوں میں پاک چین تعلقات، علاقائی تعاون، سی پیک کی اہمیت، گوادر بندرگاہ کی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی سفارت خانے اسلام آباد کے زیر اہتمام دورے کے دوران پاکستانی وفد نے چین کی وزارت خارجہ کے جنوبی ایشیا ڈویژن کے قونصلر چینگ وے، وزارت کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل تیانجن لی شیانگ اور تیانجن انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ شپنگ سینٹر کے ڈائریکٹر گاؤ یوچنگ سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور اقتصادی و تجارتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر ماہر امور خارجہ محمد مہدی نے کہا کہ گوادر محض پاکستان کی ایک بندرگاہ نہیں بلکہ مغربی ایشیا کے لیے ایک ممکنہ تجارتی دروازے کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق یہ بندرگاہ چین کو یورپ اور افریقہ کے ساتھ تجارت کے لیے مختصر ترین سمندری راستوں میں سے ایک فراہم کرتی ہے۔
محمد مہدی نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملیوں کے نتیجے میں بلوچستان میں سکیورٹی کی صورت حال بتدریج بہتر ہو رہی ہے، تاہم سی پیک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور چین کو مشترکہ اور مربوط حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تیانجن بندرگاہ کو دنیا کی پہلی کاربن فری بندرگاہ بنانے کے چینی اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں پر بھی اسی نوعیت کے جدید، ماحول دوست اور پائیدار ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بندرگاہوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے سے پاک چین اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔
ملاقاتوں کے دوران گوادر پورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر قاضی نعمت اللہ نے گوادر میں سماجی بہبود کے منصوبوں کے لیے چین کی مسلسل معاونت کو سراہا۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں مزید تعاون، خصوصاً بندرگاہی شہر میں اسپتال کے قیام کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
گوادر پورٹ ڈویلپمنٹ کی نمائندگی کرنے والے ہمال دشتی نے چینی حکام کا شکریہ ادا کیا اور گوادر سے متعلق امور پر محمد مہدی کی تفصیلی گفتگو کو سراہا۔
اس موقع پر پاکستان کسٹمز کے نمائندے حیات مراد نے دوستی اور ثقافتی خیرسگالی کے اظہار کے طور پر چینی میزبانوں اور محمد مہدی کو روایتی بلوچی شالیں اور بلوچی ٹوپیاں پیش کیں، جن کے ذریعے بلوچستان کی ثقافتی روایات کو بھی اجاگر کیا گیا۔
بیجنگ میں ہونے والی ان ملاقاتوں کو پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور بالخصوص گوادر بندرگاہ اور سی پیک کے مستقبل سے متعلق اقتصادی و تجارتی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کی اہم کوشش قرار دیا گیا۔