تازہ ترین

سیاسی کشیدگی ختم کرنے کے لیے مذاکرات ضروری ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی

0

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات سے متعلق خبروں کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کی تقریب میں دونوں کے درمیان صرف سلام دعا ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ دشمنی دوستی اور دوستی دشمنی میں بدل سکتی ہے، اس لیے نفرتیں ختم ہونی چاہئیں۔

اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا امکان مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح انتخابات میں حصہ لے گی اور اسلام آباد کے تین حلقوں کے لیے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی تیار کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔

سابق آرمی چیف سے ملاقات کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریب میں جنرل قمر جاوید باجوہ سے سلام دعا کے علاوہ کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ انہوں نے ان خبروں کو اپنے خلاف پروپیگنڈا قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کسی ادارے سے محاذ آرائی نہیں چاہتی، ہر ادارے کے سربراہ کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے جیل میں ملاقاتوں سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برس سے ملاقاتوں کے حوالے سے عدالتی احکامات پر عمل نہیں ہو رہا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی کے باعث سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات حوصلہ افزا نہیں تھیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا۔

حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت اور وزیر داخلہ سے رابطہ رہتا ہے، تاہم اس وقت نہ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں اور نہ ہی پس پردہ بات چیت جاری ہے۔ ان کے مطابق سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات ضروری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقاتیں آل پارٹیز کانفرنس کے سلسلے میں ہوئی ہیں اور مشترکہ مسائل پر دونوں جماعتیں اکٹھی ہوسکتی ہیں، تاہم مشترکہ تحریک شروع کرنے کی بات ابھی قبل از وقت ہے۔

خیبر پختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی جمہوری حکومت کا متبادل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے احتجاج کے لیے باہر نہ نکلنے کا مطلب یہ نہیں کہ ان کا غصہ ختم ہوگیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.