تازہ ترین

پاکستان نے جی 24 کی سربراہی سنبھال لی,وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

0

پاکستان نے 24 رکنی بین الحکومتی گروپ جی 24 کی سربراہی سنبھال لی ہے، جس کے بعد وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے تحفظ اور عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کو اپنی چیئرمین شپ کی اہم ترجیحات قرار دیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے جی 24 کی سربراہی سنبھالتے ہوئے ترقی پذیر معیشتوں کی اجتماعی آواز مضبوط بنانے اور زیادہ منصفانہ، جوابدہ اور ترقی پر مبنی عالمی مالیاتی نظام کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے چیئرمین شپ کو اہم ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر معیشتوں کا مستقبل عالمی معیشت کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے اور عالمی ترقی میں ان ممالک کا کردار مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری، اختراع اور صنعت کاری کے شعبوں میں ترقی پذیر ممالک کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کی سربراہی کے لیے تین اسٹریٹجک ترجیحات کا خاکہ پیش کیا۔ ان میں عالمی اقتصادی پالیسی سازی میں ترقی کو مرکزی حیثیت دینا، ترقی پذیر ممالک کی عالمی مالیاتی اداروں میں نمائندگی اور فیصلہ سازی میں مؤثر شرکت بڑھانا، جبکہ ترقی پر مبنی بین الاقوامی مالیاتی نظام کو فروغ دینا شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کو سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت، روزگار اور مشترکہ خوشحالی کی بنیاد بننا چاہیے تاکہ ترقی پذیر اور کم آمدنی والے ممالک بحرانوں سے نکل کر پائیدار ترقی کی جانب بڑھ سکیں۔

محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سمیت کثیرالجہتی اداروں میں زیادہ منصفانہ طرز حکمرانی اور فیصلہ سازی میں رکن ممالک کی بامعنی شرکت کی حمایت کرے گا۔ اس کے علاوہ ترقیاتی مالی معاونت، قرضوں کے پائیدار حل، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور سرکاری و نجی سرمایہ کاری میں اضافے کو بھی ترجیح دی جائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اصلاحات کے عمل سے گزرنے والی معیشتوں کو پائیدار ترقی کے لیے ضروری مالی وسائل اور پالیسی سازی کی گنجائش فراہم کرنا اہم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سربراہی جی 24 کے مشاورت، اتفاق رائے اور اجتماعی تعاون کے اصولوں کے مطابق ہوگی۔

انہوں نے افریقہ، ایشیا، لاطینی امریکا اور کیریبین کے رکن ممالک کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف، عالمی بینک اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں سے قریبی تعاون جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر خزانہ نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین نائجیریا کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اجتماعی قیادت کی کامیابی کا اصل معیار ٹھوس ترقیاتی نتائج ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.