وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے ملک میں مہنگائی سے متعلق عوامی شکایات کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں مہنگائی کا ذمہ دار حکومت کے بجائے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوسکتے ہیں۔
فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کا آغاز ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا، جبکہ ایران نے بھی پوری قوت کے ساتھ جواب دیا۔ پاکستان نے دونوں ممالک سے جنگ ختم کرنے کی درخواست کی اور جنگ بندی کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ رکوانے کی کوششوں سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار اور عزت میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی جنگ روکنے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم ہونے سے پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہوگی اور ملک خوشحالی کی جانب بڑھے گا۔ ان کے مطابق جنگ کے خاتمے کے بعد پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث قطر سے گیس کی فراہمی معطل ہے، تاہم پاکستان نے قطر کے ساتھ معاہدے کے تحت گیس حاصل کی ہے۔
خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے دعویٰ کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے برسوں نہیں بلکہ چند ہفتے درکار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کردیا ہے اور اب صوبے میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
رانا ثنا اللہ نے ماضی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ہر دوسرے یا تیسرے روز جرائم کی وارداتوں کی اطلاعات سامنے آتی تھیں، جبکہ ڈکیتی کے دوران قتل اور خواتین کے ساتھ زیادتی جیسے واقعات بھی پیش آتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کو ایسے جرائم سے پاک کرنا ضروری ہے۔ عام شہری کو آج بھی انصاف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ امن قائم کرنا اور لوگوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔