اسلام آباد: پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 3 نومبر کو ہوگا، جس میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے اور پیٹرولیم لیوی کے بتدریج خاتمے پر بات چیت کی جائے گی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے مذاکرات کے آئندہ اجلاس کے حوالے سے آگاہ کیا۔
لیاقت بلوچ کے مطابق اسحاق ڈار نے انہیں بتایا کہ جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 3 نومبر کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران مذاکرات کی تاریخ کی تصدیق کی ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا بنیادی مقصد پیٹرولیم لیوی کا بتدریج خاتمہ اور مہنگائی سے پریشان عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ جماعت اسلامی عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے خاتمے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے اپنا مؤقف حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا تھا کہ اگر پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی گئی تو جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرے گی۔