راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 200 وکٹوں کا تاریخی سنگ میل عبور کرلیا
شارجہ: افغانستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک تاریخی اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے 200 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
راشد خان نے یہ سنگ میل جمعرات کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے دوران حاصل کیا۔
افغان اسپنر نے زمبابوے کے اوپنر تادیواناشے مارومانی کو آؤٹ کرکے اپنی 200ویں وکٹ مکمل کی۔ اس کامیابی کے وقت وہ اپنا 120واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہے تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ راشد خان نے 2015 میں بھی زمبابوے کے خلاف ہی اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور تقریباً 11 سال بعد اسی ٹیم کے خلاف ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں انگلینڈ کے عادل رشید 171 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ہانگ کانگ کے احسان خان اور نیوزی لینڈ کے ایش سودھی 165، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی 164 اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا 163 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
راشد خان مجموعی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔ وہ 551 میچز میں 742 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 658 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔