تازہ ترین

اوتھل اسپتال میں ڈائلیسس سینٹر آئندہ ہفتے فعال ہوگا، بخت محمد کاکڑ

0

اوتھل: صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت صحت عامہ کی بہتری، ادویات کی مؤثر ترسیل اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔

اوتھل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت صوبے کے صحت کے نظام کو بنیادی سطح سے بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے تعاون سے قائم جدید گودام کا افتتاح بھی کیا۔

بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسپتالوں اور ادویات کے گوداموں کو ماحول دوست توانائی پر منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اوتھل میں ڈائلیسس سینٹر آئندہ ہفتے کام شروع کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبے کو ادویات کی ترسیل اور حفاظتی ٹیکہ جات کے لیے درکار کولڈ چین نظام برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ ان مسائل کے حل کے لیے تین مرکزی مراکز کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر کے مطابق جنوبی زون کے لیے لسبیلہ ڈویژن میں ادویات کے گودام اور کولڈ چین کی سہولت قائم کردی گئی ہے، جس سے لسبیلہ، مکران اور قلات ڈویژنوں میں ادویات اور ویکسین کی بروقت ترسیل ممکن ہوگی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں صحت کے شعبے میں مطلوبہ معیار کے مطابق پیش رفت نہیں ہوسکی، تاہم موجودہ حکومت طبی سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی حاضری اور جائے تعیناتی پر موجودگی یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے، جبکہ اس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ لسبیلہ انتظامیہ کی جانب سے بلوچستان سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت صحت کے شعبے میں نو نئی ترقیاتی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں، جن سے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کی جدید کاری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے قومی شاہراہوں پر ٹراما سینٹرز کے قیام کی پالیسی منظور کرلی ہے۔ لسبیلہ میں ٹراما سینٹر کے قیام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں سڑک حادثات کے خدشات کے پیش نظر وہ رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ زرین خان مگسی کے ہمراہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ کریں گے۔

بخت محمد کاکڑ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اوتھل کے لیے دو ایمبولینسیں فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری صحت مجیب الرحمان، یونیسیف کی چیف آف فیلڈ آفس فٹسُم عاصفہ، یونیسیف کے ٹیکنیکل ایڈوائزر برائے بلوچستان ڈاکٹر عامر اکرم، کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا، ڈپٹی کمشنر حمیرہ بلوچ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.