بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے سعودی عرب میں روزگار اور فنی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے تعلیمی، فنی اور پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں پر توجہ دی جارہی ہے، جبکہ سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کی تعلیمی قابلیت میں اضافہ، پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا اور انہیں ملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار کے بہتر مواقع تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو فنی تربیت کے ساتھ مختلف زبانیں سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق اپنی صلاحیتیں بہتر بنا سکیں۔
متعلقہ حکام کی جانب سے اہل نوجوانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی درخواستیں جمع کرائیں تاکہ دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرسکیں۔