تازہ ترین

بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری، نوجوان ریاست سے جڑ جائیں، شاہد رند

0

بلوچستان میں سکیورٹی اقدامات اور نوجوانوں کی واپسی سے متعلق حکومتی کوششوں کے دوران ضلع پنجگور سے تعلق رکھنے والے نوجوان شہاب نے رضاکارانہ طور پر سرینڈر کر دیا۔ اس پیش رفت سے متعلق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے میڈیا کو بریفنگ دی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان کے پہاڑوں میں موجود نوجوانوں کو ورغلایا گیا ہے اور ریاست واپسی اختیار کرنے والوں کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ریاست کے ساتھ جڑ جائیں۔
شاہد رند کے مطابق بلوچستان میں آخری دہشت گرد کی موجودگی تک دہشت گردی کے خلاف مشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا وژن اور مؤقف واضح ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ چھ دہشت گرد گرفتار کیے جا چکے ہیں اور ریاست لوگوں کو سرینڈر کرنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے بتایا کہ بلوچستان میں 300 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گرد آئے روز حملوں کے نئے طریقے اختیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم محکمہ انسدادِ دہشت گردی اور دیگر اداروں کے اشتراک سے آپریشنز کامیاب بنائے گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.