تازہ ترین

منی لانڈرنگ ٹیکس سے الگ جرم قرار، ایف بی آر کو فیصلے سے پہلے تحقیقات کی اجازت

0

لاہور- منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ منی لانڈرنگ اور ٹیکس سے متعلق معاملات الگ قانونی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ ایف بی آر ٹیکس کیس کے حتمی فیصلے سے قبل بھی منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرسکتا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق عدالت نے قرار دیا کہ منی لانڈرنگ کی کارروائی کے لیے بنیادی جرم میں سزا کا فیصلہ پہلے ہونا ضروری نہیں، جبکہ انسدادِ منی لانڈرنگ کا قانون خصوصی قانون کی حیثیت رکھتا ہے اور عمومی قوانین پر فوقیت رکھتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ ٹیکس سے متعلق زیرِ التوا تنازع منی لانڈرنگ کی کارروائی روکنے کی بنیاد نہیں بن سکتا۔ تاج انٹرنیشنل کیس کا فیصلہ سیلز ٹیکس کے معاملے تک محدود تھا، اس لیے اسے منی لانڈرنگ کی کارروائی روکنے کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

فیصلے کے مطابق بینکوں کی جانب سے مشکوک لین دین کی رپورٹس کی بنیاد پر قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکتی ہے، جبکہ رقم کے ماخذ اور اس کی منتقلی سے متعلق حتمی سوالات کا فیصلہ متعلقہ خصوصی عدالتیں کریں گی۔

عدالت نے مزید واضح کیا کہ ہائی کورٹ عام طور پر ابتدائی مرحلے پر فوجداری تحقیقات میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ ایف بی آر نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے منی لانڈرنگ اور مالی جرائم کے خلاف کارروائی کو تقویت ملے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.