اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کے حکومتی فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کی ہدایت کردی۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق ایندھن کی فراہمی میں کمی کا فیصلہ فوری طور پر نافذ ہوگا اور اس کا اطلاق تین ماہ تک رہے گا۔
مراسلے میں تمام متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو حکومتی فیصلے کے مطابق ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی پر من و عن عمل کیا جائے۔
تاہم آپریشنل گاڑیوں کو اس فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ضروری خدمات انجام دینے والی گاڑیوں اور ایف بی آر کی آپریشنل گاڑیوں کے ایندھن میں کمی نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ مستثنیٰ اداروں کی انتظامی اور غیر آپریشنل گاڑیوں پر ایندھن میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ لاگو ہوگا، جبکہ استثنیٰ صرف ضروری خدمات اور آپریشنل نوعیت کی گاڑیوں تک محدود رہے گا۔
مراسلے میں متعلقہ حکام کو آپریشنل گاڑیوں کے ایندھن کے بجٹ کی ضروریات سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشنز کو حکومتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔