تازہ ترین

بلال بن ثاقب کی نیویارک میں سیم آلٹمن سے ملاقات، پاکستان کے اے آئی امکانات پر گفتگو

0

نیویارک: وزیرِ مملکت اور پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے نیویارک میں اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سیم آلٹمن سے ملاقات کی، جس میں مصنوعی ذہانت اور پاکستان کے عالمی اے آئی معیشت میں ممکنہ کردار پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران پاکستان کی نوجوان افرادی قوت، ڈیجیٹل صلاحیتوں اور اے آئی انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ تعلیم، ہنرمندی اور ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلال بن ثاقب نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ڈیجیٹل فنانس اور ٹوکنائزیشن سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں بھی شرکت کی۔ اقوام متحدہ کے ڈیجیٹل کوآپریشن ڈے کے تحت پاکستان کی مستقل نمائندگی اور پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے تعاون سے ٹوکنائزیشن، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر اور متعلقہ حفاظتی اقدامات پر ایک اعلیٰ سطحی سیشن منعقد ہوا۔

اس سیشن میں بلال بن ثاقب نے اس مؤقف پر زور دیا کہ عالمی مالیاتی نظام میں ہونے والی تبدیلیوں کے دوران ترقی پذیر ممالک کو صرف نئے قواعد پر عمل کرنے والے ممالک تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ قواعد کی تشکیل کے عمل میں بھی مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس سے قبل بلال بن ثاقب نے اقوام متحدہ کے مختلف فورمز پر ڈیجیٹل اثاثوں، ٹوکنائزیشن اور مصنوعی ذہانت کو مالی شمولیت اور ترقی کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت پر بھی گفتگو کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.