بلوچستان کے ہونہار طالب علم ولی اللہ ترین کی شاندار کامیابی، سرفراز بگٹی کی مبارکباد
پشین سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم ولی اللہ ترین نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ میں بلوچستان بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے صوبے کا نام روشن کردیا، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انہیں مبارکباد پیش کی۔
ولی اللہ ترین ولد عین الدین، جو پشین کے علاقے کلی ہیکلزئی سے تعلق رکھتے ہیں، نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے ان کی شاندار کامیابی پر انہیں شاباش دی اور کامیابی کو بلوچستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان اپنی صلاحیت، محنت اور عزم کے ذریعے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ ایسے باصلاحیت طلبہ نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے صوبے کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے ولی اللہ ترین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ محنت اور لگن کا سلسلہ جاری رکھیں اور مستقبل میں بھی اسی طرح کامیابیاں حاصل کریں۔
ملاقات کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا بھی موجود تھے۔