اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے جامع منصوبہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت برآمدی صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے، پیداوار بڑھانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی آسان بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئی ہیں۔
وزارت صنعت و پیداوار نے برآمدات میں تیزی لانے کے لیے تیار کردہ جامع پلان حکومت کو بھجوا دیا ہے۔ حکام کے مطابق مجوزہ منصوبے میں برآمدی صنعتوں کے خام مال پر اضافی ڈیوٹیز اور ٹیرف کی خامیاں دور کرنے، کسٹم کلیئرنس میں تاخیر ختم کرنے اور برآمد کنندگان کو ریفنڈز کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔
صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے بجلی اور گیس کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لینے اور توانائی کی بچت پر سرمایہ کاری کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ برآمدی صنعتوں کے لیے مشترکہ ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور سرٹیفکیشن کی سہولیات بڑھانے، جدید مشینری اور آٹومیشن متعارف کرانے جبکہ صنعتی کلسٹرز میں نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے میں برآمد کنندگان کو آسان قرضوں، انوائس کی بنیاد پر ورکنگ کیپیٹل اور سپلائی چین فنانسنگ کی فراہمی بھی شامل ہے۔ بندرگاہوں پر سامان رکنے کا دورانیہ کم کرنے، متبادل تجارتی راستے متعارف کرانے اور خام مال کی درآمد کے اجازت ناموں کے ڈیجیٹل نظام کو آسان بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
زرعی برآمدات بڑھانے کے لیے فوڈ پروسیسنگ، کولڈ چین اور جدید پیکجنگ کی سہولیات بہتر بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح انجینئرنگ مصنوعات، سرجیکل آلات، ادویات اور ملبوسات کی عالمی منڈیوں میں طلب اور سرٹیفکیشن کے تقاضوں کا جائزہ لینے کی سفارش بھی جامع پلان کا حصہ ہے۔