بریسز لگوانے والے بچوں کے دانتوں کی صفائی کے لیے ماہرین کی اہم ہدایات
بچوں کے ٹیڑھے میڑھے دانت سیدھے کرنے کے لیے بریسز اور کلیئر الائنرز کا استعمال عام ہوتا جا رہا ہے، تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس علاج کے دوران دانتوں اور مسوڑھوں کی صفائی پر خصوصی توجہ نہ دینے سے مختلف مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
بریسز کے تاروں اور بریکٹس میں کھانے کے ذرات پھنس سکتے ہیں، جس سے دانتوں میں کیڑا لگنے، مسوڑھوں کی سوزش اور دانتوں پر سفید دھبے بننے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
طبی ماہرین نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ بریسز استعمال کرنے والے بچوں کو نرم برش اور فلورائیڈ والے ٹوتھ پیسٹ سے دن میں کم از کم دو مرتبہ دانت صاف کرنے کی عادت ڈالیں۔ خصوصاً بریسز اور ان کے اردگرد موجود حصوں کی صفائی یقینی بنائی جائے۔
دانتوں کے درمیان پھنسے کھانے کے ذرات نکالنے کے لیے ڈینٹسٹ کے تجویز کردہ فلاس یا مخصوص صفائی کے آلات استعمال کیے جائیں۔ اس کے علاوہ میٹھی اشیا اور مشروبات کا استعمال محدود رکھنا بھی ضروری ہے کیونکہ ان سے دانتوں میں کیڑا لگنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
اگر بچہ کلیئر الائنرز استعمال کرتا ہے تو انہیں ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق باقاعدگی سے صاف کرنا چاہیے اور دوبارہ لگانے سے پہلے دانتوں کی صفائی یقینی بنانی چاہیے۔
ماہرین کے مطابق بریسز کے علاج کے دوران دانتوں اور مسوڑھوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے ڈینٹسٹ سے مقررہ وقت پر معائنہ کروانا بھی ضروری ہے۔