تازہ ترین

حسینہ واجد کی مجوزہ واپسی کی خبریں، بنگلہ دیش بھر میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے

0

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے اعلان نے سیاسی صورتحال کو مزید کشیدہ کردیا ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں، گاڑیوں کو نذر آتش کرنے اور جھڑپوں کے واقعات کے بعد سینکڑوں نیم فوجی اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق شیخ حسینہ واجد کی ممکنہ واپسی کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ دس روز کے دوران کم از کم 28 اضلاع میں پرتشدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ مختلف واقعات میں پولیس اہلکاروں اور شہریوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

شیخ حسینہ اگست 2024 میں حکومت مخالف پرتشدد مظاہروں کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر پڑوسی ملک بھارت منتقل ہوگئی تھیں۔ حال ہی میں انہوں نے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حصول کی درخواست دیتے ہوئے دسمبر میں وطن واپسی کا اعلان کیا، تاہم حکومت نے تاحال ان کی درخواست منظور نہیں کی۔

ان کی جماعت عوامی لیگ نے واپسی کی حمایت میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ گزشتہ ہفتے جماعت نے ایک ہفتے پر مشتمل احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا تھا، جس کا اختتام 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن سے ہوگا۔ اس دوران پولیس نے دیسی ساختہ بم دھماکوں اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے درجنوں واقعات ریکارڈ کیے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق منگل کی شب نامعلوم حملہ آوروں نے گوپال گنج کے قریب حکمراں جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ایک کارکن کو مبینہ طور پر قتل کردیا۔ اسی رات ڈھاکہ میں وزیر ثقافتی امور نیتائی رائے چوہدری کی رہائش گاہ کے باہر بھی بم دھماکے کی اطلاع ملی۔

اس کے علاوہ بی این پی کے ایک رکن پارلیمنٹ کے گھر اور جماعت کے حامیوں کی دکانوں کو بھی آگ لگنے سے نقصان پہنچا، جبکہ بدھ کی صبح جنوبی علاقے پیروچ پور میں دو بسیں نذر آتش کردی گئیں۔ ایک بس کمپنی کا ملازم شدید جھلسنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔

تشدد کے واقعات کا دائرہ نوبل انعام یافتہ محمد یونس سے منسلک اداروں تک بھی پھیل گیا ہے۔ گرامین بینک کے مطابق 10 نومبر سے اب تک اس کی 37 شاخوں اور دفاتر پر حملے یا آگ لگانے کی کوششیں کی جاچکی ہیں۔

پولیس ترجمان نیاز مہدی کے مطابق حکام نے 24 گھنٹوں کے دوران پابندی کا شکار تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 71 افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں عوامی لیگ اور اس سے وابستہ گروپوں کے ارکان بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے بیرون ملک موجود عوامی لیگ کی قیادت پر تشدد کو ہوا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملوں میں ملوث عناصر کی شناخت کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

بنگلہ دیش میں یہ کشیدگی ایسے وقت میں جاری ہے جب شیخ حسینہ کو 2024 کی طلبہ تحریک کے دوران ہونے والے خونریز کریک ڈاؤن کے مقدمے میں سنائی گئی سزائے موت کو ایک سال مکمل ہونے والا ہے۔ مقامی عدالت نے انہیں اس مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا، جبکہ عوامی لیگ کی قیادت نے تازہ واقعات پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف نہیں دیا۔

SEO Headlines:

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.