تازہ ترین

عمران خان سے مشاورت کے بعد ہی پارٹی آئندہ کا فیصلہ کرے گی، بیرسٹر گوہر

0

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتی اور تمام فیصلے باہمی مشاورت اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کے مطابق کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ آج بھی ناحق جیل میں قید ہیں، جبکہ موجودہ سیاسی پولرائزیشن کے ماحول میں عدلیہ کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ عمران خان کے سیاسی مخالفین نے بھی بالآخر اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ ایک سیاسی قیدی ہیں اور ان کی اہلیہ بھی ناحق جیل میں ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سماعت کے دوران یہ حقیقت سامنے آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی پولرائزیشن کے موجودہ دور میں چیف جسٹس صاحبان کی ذمہ داری ہے کہ وہ انصاف فراہم کریں اور ایسا انصاف کریں جو ہوتا ہوا نظر بھی آئے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو معلوم نہیں کہ بلاول بھٹو کی گزشتہ روز ہونے والی پریس کانفرنس کے مقاصد اور ارادے کیا تھے، تاہم انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ بالآخر سب نے تسلیم کرلیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے اور اس کے بغیر کوئی بات آگے نہیں بڑھ سکتی۔

انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق پی ٹی آئی پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتی۔ گورنر راج اور دیگر سخت حالات کے باوجود پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی، وہ ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں ہوگا۔ تمام فیصلے باہمی مشاورت اور عمران خان کی ہدایات کے مطابق کیے جائیں گے۔

صوبوں کے قیام اور وسائل کی تقسیم کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ عوامی مسائل کے حل میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں، تاہم ان معاملات پر غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے آپشنز آج بھی موجود ہیں، لیکن مناسب وقت آنے سے پہلے ان پر بات کرنا بے سود ہے۔ جب وقت آئے گا تو عمران خان اور پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا اور ہر قدم ملک و قوم کے مفاد میں اٹھایا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بعض لوگ نظام کے بینیفشری بن جاتے ہیں، لیکن پی ٹی آئی نظام سے فائدہ اٹھانے والی جماعت نہیں بننا چاہتی۔ ان کے مطابق پارٹی نے اصولوں کی جنگ لڑی ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ ناحق جیل میں قید ہیں، جبکہ ان کی بہن نے بھی تاریخ رقم کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.