تازہ ترین

اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیتن یاہو دور کے متنازع میڈیا قانون کی منسوخی کا عمل شروع

0

اسرائیل: اسرائیلی پارلیمنٹ نے سابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دور میں منظور کیے گئے متنازع میڈیا قانون کو منسوخ کرنے کے بل کی 49 کے مقابلے میں 63 ووٹوں سے منظوری دے دی ہے۔ بل کا مقصد نشریاتی میڈیا اور خبروں کے شعبے پر حکومتی کنٹرول بڑھانے والے قانون کو ختم کرکے سابقہ ریگولیٹری نظام بحال کرنا ہے۔

وزیر مواصلات شلومو کارہی کی سربراہی میں پیش کیا گیا یہ قانون جولائی میں منظور ہوا تھا، جس کے تحت میڈیا کے ضوابط میں بڑی تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ اس قانون کے ذریعے دیرینہ نگرانی کا نظام، کم از کم صحافتی معیارات، مقامی اسرائیلی پروڈکشنز میں سرمایہ کاری کی پابندیاں اور مختلف میڈیا اداروں کی مشترکہ ملکیت پر عائد پابندیاں ختم کردی گئی تھیں۔

قانون کے تحت حکومت کو ٹیلی ویژن ریٹنگز اور سرکاری اشتہارات کی تقسیم پر بھی زیادہ اثر و رسوخ حاصل ہوگیا تھا۔ اس قانون سازی پر اپوزیشن ارکان، میڈیا تنظیموں اور گڈ گورننس کے نگران اداروں نے شدید تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اس سے آزادی صحافت اور میڈیا کی خودمختاری متاثر ہوسکتی ہے۔

بعد ازاں ہائی کورٹ آف جسٹس نے آئینی خلاف ورزیوں اور طریقہ کار کی سنگین خامیوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے بعد قانون کے بعض حصوں پر عمل درآمد معطل کردیا تھا۔

بی یاچد (B’Yachad) پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ایتان گنزبرگ اور دیگر قانون سازوں کی جانب سے پیش کردہ منسوخی کے بل کا مقصد سابقہ ریگولیٹری ڈھانچے کو بحال کرنا ہے۔ بل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آزادی اظہار اور میڈیا پر دور رس اثرات مرتب کرنے کے باوجود قانون کی تیاری کے دوران طریقہ کار کی سنگین خامیاں موجود تھیں اور پیشہ ورانہ و قانونی جانچ پڑتال بھی ناکافی رہی۔

پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ایتان گنزبرگ نے قانون سازی کو غیر منظم اور اندرونی تضادات و بنیادی مسائل سے بھرپور قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کو منسوخ کرکے نشریاتی شعبے کو نئے سرے سے درست انداز میں منظم کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب وزیر مواصلات شلومو کارہی نے قانون کی منسوخی کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بائیں بازو کی اجارہ داری پہلے ہی ختم ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون منسوخ کرنے کے باوجود اس انقلاب کو روکا نہیں جاسکے گا اور نہ ہی نئے اور متنوع اداروں کا راستہ بند کیا جا سکے گا۔

انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ آرا کے تنوع کی حامی نہیں اور شفافیت و سچائی سے خوفزدہ ہے۔

بل کو اب انتظامات کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا، جس سے توقع ہے کہ وہ اسے بی یاچد پارٹی کی رکن پارلیمنٹ میراو بن آری کی سربراہی میں قائم عارضی کمیٹی کو بھیجے گی، جہاں اس پر مزید غور کیا جائے گا۔

بل کو باقاعدہ قانون کی شکل دینے کے لیے پارلیمنٹ کے مزید تین مراحل یعنی ریڈنگز سے گزر کر منظوری حاصل کرنا ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.