ایران امریکا جنگ سے عالمی ایئرلائنز کو کرونا کے بعد سب سے بڑا مالی دھچکا، 53 ارب ڈالر مالیت کم ہوگئی
عالمی فضائی صنعت کو ایران امریکا جنگ کے باعث شدید مالی نقصان کا سامنا ہے، جس کے اثرات مشرق وسطیٰ کی ایئرلائنز سے لے کر دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں تک پہنچ گئے ہیں۔ جنگ کے نتیجے میں پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے نے ایوی ایشن انڈسٹری کو کرونا وبا کے بعد ایک بڑے مالی بحران سے دوچار کردیا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مشرق وسطیٰ کی ایئرلائنز کو 2026 میں مجموعی طور پر 4.3 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے، جبکہ یہی فضائی کمپنیاں 2025 میں 7.2 ارب ڈالر منافع کمانے میں کامیاب رہی تھیں۔ جنگ کے بعد دنیا کی 20 بڑی ایئرلائنز کی مجموعی مارکیٹ ویلیو میں بھی 53 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مشرق وسطیٰ کی ٹریول انڈسٹری کو روزانہ تقریباً 60 کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
جنگ کے باعث عالمی سطح پر 46 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جس سے لاکھوں مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہوئے۔ قطر ایئرویز کو اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ایئرلائنز میں شمار کیا گیا، جبکہ جون سے اکتوبر کے دوران فضائی سفر کے لیے دستیاب نشستوں میں 20 لاکھ کی کمی ہوئی۔
ایمریٹس گروپ کے مالی نتائج بھی جنگ کے اثرات سے متاثر ہوئے، اس کے منافع میں 66 فیصد کمی کے بعد یہ ایک ارب ڈالر رہ گیا۔ کمپنی کے مسافروں کی تعداد بھی 22 فیصد کم ہوکر 2 کروڑ 18 لاکھ تک پہنچ گئی۔ جنگ کے ابتدائی دنوں میں ایمریٹس کی 1,581 پروازیں منسوخ ہوئیں، جس سے 6 لاکھ 44 ہزار سے زائد نشستیں متاثر ہوئیں۔
اسی طرح اتحاد ایئرویز نے جنگ کے ابتدائی مرحلے میں 193 پروازیں منسوخ کیں، جبکہ بعد ازاں اس کے فضائی آپریشن میں 4 لاکھ 50 ہزار نشستوں کی کمی کی گئی۔ ایران کی فضائی حدود بھی 58 روز تک بند رہیں، جس کے باعث بین الاقوامی پروازوں کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑے اور سفر کے دورانیے و اخراجات میں اضافہ ہوا۔
تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 25 اپریل کو دوبارہ کھول دیا گیا، تاہم فضائی آپریشن تاحال محدود بتائے گئے ہیں۔ جنگ کے اثرات بھارتی ایئرلائنز پر بھی مرتب ہوئے، جہاں ایئر انڈیا کے بین الاقوامی مسافروں کی تعداد میں 36 فیصد کمی ہوئی، جبکہ انڈیگو کی 500 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث جیٹ فیول کی قیمتوں میں 80 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جس سے دنیا بھر میں فضائی آپریشنز کے اخراجات مزید بڑھ گئے۔ ایندھن کی مہنگائی، پروازوں کی منسوخی اور فضائی راستوں کی بندش نے عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے مالی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔