تازہ ترین

بلاول بھٹو کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، سعید غنی

0

کراچی: صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) اور مصطفیٰ کمال کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں، خواجہ آصف کو چاہیے کہ وہ بلاول بھٹو کی بات مان لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں لسانی نفرتیں پھیلانے اور سیاسی کشیدگی بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم حکومت امن و امان کی صورتحال خراب نہیں ہونے دے گی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے گزشتہ روز میٹ دی پریس سے خطاب میں کئی ایسے موضوعات پر بات کی جنہیں پیپلز پارٹی نے شروع نہیں کیا تھا۔ ان موضوعات میں نظام کے ممکنہ طور پر متاثر ہونے اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملات بھی شامل تھے۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو نے ان امور پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا، تاہم ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے شہری ماضی میں لسانی فسادات کے باعث ہونے والے جانی نقصان اور مشکلات سے بخوبی واقف ہیں۔ ہزاروں افراد ان فسادات میں جان سے گئے، جبکہ اسلام آباد اور لاہور کے شہری شاید ان حالات کی شدت کو محسوس نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ گزشتہ کئی برس سے صوبے میں امن قائم ہے اور عوام کو ماضی کی صورتحال سے نجات ملی ہے۔

صوبائی وزیر کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی موجودہ مہم کے ذریعے لوگوں میں لسانی نفرت اور تفریق کو ہوا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نفرتیں پھیلانے اور فساد کی فضا پیدا کرنے کے بعد اس کا ذمہ دار بلاول بھٹو کو قرار دینا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سمجھتے ہیں کہ صوبے کے معاملے کو بنیاد بنا کر ایک منفی سیاسی کھیل کھیلا جا رہا ہے، حالانکہ وہ ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ کراچی سب کا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس کے بعد وفاقی وزیر کی جانب سے ریفرنڈم کرانے کی بات کی گئی۔ ان کا سوال تھا کہ اگر پنجاب میں بھی ریفرنڈم کرایا جائے تو کیا وہاں یہ طے کیا جائے گا کہ کس کی حکومت ہونی چاہیے؟ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم ایسے معاملے پر ہوسکتا ہے جس کی آئین میں وضاحت موجود نہ ہو۔ ان کے مطابق ایم کیو ایم نے گزشتہ اسمبلی میں آئینی ترمیم جمع کرائی تھی، جو تمام صوبوں کو بھیجی گئی، تاہم سندھ کابینہ اور اسمبلی نے اسے مسترد کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم آئین کے آرٹیکل 239 میں تبدیلی کی کوشش کرچکی ہے، لیکن آئینی طریقے سے ایسا ممکن نہ ہونے پر اب ریفرنڈم کی بات کی جا رہی ہے۔ سعید غنی نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے پٹیشن دائر کرنے کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کے بھیانک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ احسن اقبال کے چار یا چالیس صوبے بنانے کے بیانات سے صوبے قائم نہیں ہوجاتے۔ ان کے بقول سندھ میں مسلم لیگ (ن) اور مصطفیٰ کمال کی جماعت کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

29 نومبر کو مختلف سیاسی جماعتوں کی ریلیوں کے حوالے سے سعید غنی نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو پرامن جلسے اور ریلی نکالنے کا حق حاصل ہے، تاہم اگر ایک جماعت پہلے ہی کسی تاریخ کو پروگرام کا اعلان کرچکی ہو تو دوسری جماعت کو اخلاقی طور پر اسی دن ریلی نہیں رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قادر مگسی اور ایم کیو ایم دونوں کو ریلیوں کے لیے انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان کو لاحق خطرات کا جائزہ لے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال کو روکے۔ اگر ریلیوں سے امن خراب ہونے کا خدشہ ہوا تو انہیں روکنے پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے بدمعاشی کے ذریعے ریلی نکالنے کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تصادم اور فساد کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔ آخر میں انہوں نے خواجہ آصف کو مشورہ دیا کہ وہ بلاول بھٹو کی بات مان لیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.