تازہ ترین

بلوچستان کی تاریخ کی پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو کا افتتاح، 100 سے زائد کمپنیوں کے اسٹالز قائم

0

کوئٹہ: بلوچستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صوبے کی تاریخ کی پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کا افتتاح کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فیتہ کاٹ کر نمائش کا باقاعدہ آغاز کیا۔ صوبے میں 26 سال بعد حکومتی سطح پر اس نوعیت کی سرمایہ کاری و تجارتی نمائش منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں موجود کاروباری اور صنعتی مواقع سے روشناس کرانا ہے۔

افتتاحی تقریب میں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ، ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر، سابق وفاقی وزیر سلیم مانڈوی والا، میاں زاہد حسین، صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، وزیراعلیٰ کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند، کمشنر پشین ڈویژن قائم لاشاری، ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدلکبیر زرکون، وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر خالد حفیظ، ایران کے قونصل جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج، کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد گل کاکڑ، حاجی فاروق خلجی، حاجی یوسف بازئی، چیمبر آف سمال انڈسٹریز کے حاجی ولی محمد، حاجی فضل کریم سمیت کاروباری اور صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

ایکسپو میں بلوچستان سمیت ملک بھر کی 100 سے زائد کمپنیوں، صوبائی محکموں اور وفاقی ریگولیٹری اداروں نے اپنے اسٹالز قائم کیے ہیں، جہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع، کاروباری منصوبوں، مصنوعات اور سہولیات کو پیش کیا جا رہا ہے۔ نمائش میں شہریوں، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور اسٹالز میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے BITE 2026 کے انعقاد کو بلوچستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی نمائشوں سے صوبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہی ملک بھر میں پھیلتی ہے۔ بلوچستان میں زراعت، خوراک اور صنعتی شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں اور صوبہ پاکستان سمیت پورے خطے کی غذائی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ کاروباری برادری کی ملاقات میں پیش کیے گئے مسائل میں سے متعدد کے فوری حل، کاروباری افراد کے لیے بینک فنانسنگ، صنعتی ترقی اور نوجوانوں کی فنی تربیت کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ایف پی سی سی آئی کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے میں تعاون کی پیشکش بھی کی۔

کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد گل کاکڑ نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی انتظامیہ کو ایکسپو کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے لائسنسز، این او سیز، قانونی منظوریوں اور کاروباری طریقہ کار کو آسان بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زراعت، معدنیات اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم امن و امان کی صورتحال، بالخصوص قومی شاہراہوں پر سکیورٹی کے مسائل کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ انہوں نے ان مسائل کے حل اور کاروباری سہولیات میں بہتری پر زور دیا۔

وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر خالد حفیظ نے ایکسپو کو تعلیمی اداروں، صنعت اور کاروباری برادری کے درمیان روابط مضبوط بنانے کا اہم موقع قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں روبوٹکس، انٹیلی جنٹ سسٹمز اور ڈیٹا سائنس سمیت نئے تعلیمی پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں، تاکہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ذریعے نوجوانوں کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ انہوں نے صنعت اور جامعات کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے اپنے خطاب میں مہمانوں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ BITE 2026 بلوچستان کی مقامی مصنوعات، صنعتوں، کاروباری اداروں اور اسٹارٹ اپس کو قومی منڈیوں سے منسلک کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جن میں گرین بس اور پنک بس سروس، نوجوانوں کے لیے روزگار اور فنی تربیت کے مواقع، زراعت کی معاونت، تعلیمی و سماجی بہبود کے منصوبے اور اسکولوں کی سولرائزیشن شامل ہیں۔

انہوں نے ڈیجیٹل سہولیات، ای کامرس اور بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے ذریعے کاروباری افراد کو ون ونڈو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں معاشی اور کاروباری استعداد موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ دستیاب مواقع سے مؤثر انداز میں فائدہ اٹھا کر مقامی کاروبار، صنعت اور نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے راستے کھولے جائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.