راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رونالڈ ونسنٹ واکر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر برطانوی مہمان کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کا یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔