تازہ ترین

بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل کیا جائے، بیرسٹر گوہر اور راجہ ناصر عباس کا مطالبہ

0

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں صحت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بیرسٹر گوہر نے علامہ راجہ ناصر عباس کو بانی پی ٹی آئی سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہیں ملکی حالات پر اعتماد میں لیا۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو لکھے گئے خط کا فوری نوٹس لیا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور طبی سہولیات سے متعلق تحفظات دور کیے جائیں اور انہیں آئین و قانون کے مطابق بنیادی انسانی حقوق فراہم کیے جائیں۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی اہل خانہ اور وکلا سے ملاقاتیں بلا رکاوٹ یقینی بنائی جائیں اور سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرکے مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں طبی سہولیات نہ ملنے کے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کا اڈیالہ جیل میں قیام کے دوران آٹھ مرتبہ طبی ماہرین نے معائنہ کیا، جبکہ جیل کا میڈیکل عملہ روزانہ تین مرتبہ ان کے بنیادی طبی اشارے چیک کرتا ہے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق اگست 2024 میں ماہر امراض قلب نے عمران خان کا معائنہ کرکے ادویات تجویز کیں، جبکہ فروری 2026 میں پانچ رکنی میڈیکل ٹیم نے ان کی آنکھوں اور بلڈ پریشر کا جائزہ لیا۔ 10 اگست 2026 کو چار رکنی میڈیکل بورڈ نے معائنہ کرکے بلڈ پریشر کی دوا تبدیل کی۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں آنکھوں کے ماہرین نے فٹنس رپورٹ مرتب کی۔

حکومتی بیان کے مطابق ستمبر 2026 میں پمز اور شفا آئی اسپتال کے ڈاکٹروں نے جیل میں ان کا معائنہ کیا، جبکہ 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب فالو اپ علاج کے لیے انہیں پمز اسپتال لایا گیا، جہاں آنکھوں کے ماہرین نے اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن لگایا۔ علاج کے عمل میں ڈاکٹر عارف خان، ڈاکٹر فرقاد عالمگیر، ڈاکٹر ندیم قریشی، ڈاکٹر اختر علی بندیشہ اور ذاتی معالجین ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شامل رہے۔ حکومت نے بشریٰ بی بی کی جانب سے سیل میں سانپ اور چوہے نکلنے کے دعوے کو بھی مسترد کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.