کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے دسویں اجلاس میں صوبے میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، جن میں دو ارب روپے کی ابتدائی لاگت سے بلوچستان کی پہلی مقامی انشورنس کمپنی کے قیام کی منظوری اور سوئی میں لو بی ٹی یو گیس سے فرٹیلائزر کمپلیکس قائم کرنے پر اتفاق شامل ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلوچستان میں رجسٹرڈ انشورنس کمپنی قائم کی جائے گی، جس سے سرکاری اداروں اور مقامی شہریوں کو بہتر انشورنس سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ صوبے میں مالیاتی خدمات اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے اور نجی شعبے کی شراکت داری سے صوبے کی معاشی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔
انہوں نے سوئی میں فرٹیلائزر کمپلیکس کے قیام کو صنعتی ترقی اور قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال کی جانب اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور مقامی افراد، بالخصوص نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا مقصد صوبے کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مقامی سطح پر صنعتوں کا قیام، روزگار کی فراہمی، معاشی خودمختاری اور پائیدار ترقی یقینی بنانا ہے۔ اس مقصد کے لیے ترقیاتی اور صنعتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا۔