پاکستان اور فن لینڈ کا صنعتی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی، بیٹری انرجی اسٹوریج، معدنیات اور قابل تجدید توانائی سمیت جدید صنعتی شعبوں میں فن لینڈ کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
ہارون اختر خان سے فن لینڈ کے انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے بین الاقوامی تجارت جارنو سریالا نے ملاقات کی، جس میں تجارتی و صنعتی تعاون، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں ریگولیٹری اصلاحات کے ذریعے کاروبار کے لیے سازگار ماحول بنایا جا رہا ہے۔ نیشنل انڈسٹریل پالیسی، نیشنل ٹیرف پالیسی، نیو انرجی وہیکل پالیسی اور بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم صنعتی تبدیلی کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فن لینڈ کے ساتھ الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی، بیٹری اسٹوریج، معدنیات، قابل تجدید توانائی اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔
فن لینڈ کے انڈر سیکریٹری جارنو سریالا نے پاکستان میں تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر اقتصادی شراکت داری کو نئی جہت دینے پر بھی اتفاق کیا۔